وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی، 100 یونٹس بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت میں 1.48 روپے جبکہ 200 یونٹس بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت 3.21 روپے بڑھا دی گئی
کراچی (تازہ ترین۔ 30 نومبر2022ء) محض 100 یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بھی بجلی مہنگی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت انتہائی کم بجلی استعمال کرنے والے غریب صارفین کیلئے بھی بجلی مہنگی کر دی ہے۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی، فیصلے کے تحت 100 یونٹس بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت میں 1.48 روپے جبکہ 200 یونٹس بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت 3.21 روپے بڑھا دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈالر مہنگا ہونے پر بجلی کی فی یونٹ قیمت 40 روپے تک جانے کا امکان
تاہم جہاں ایک جانب وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا ہے، تو دوسری جانب نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں کے الیکٹرک کے صارفین کو ریلیف دے دیا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کراچی کے صارفین کے لیے اکتوبر کے بل میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارج کی مد میں بجلی فی یونٹ 2 روپے 14 پیسے سستی کر دی۔
نیپرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے صارفین کے لیے بجلی 2 روپے 14 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے ہے اور یہ کمی اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے کراچی کے بجلی کے صارفین کو 3 ارب 59 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا، فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔
حکام نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے اپنے وسائل سے 32 روپے 96 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی، سی پی پی اے سے خریدی جانے والی بجلی کی قیمت 12 روپے 1 پیسے فی یونٹ تھی۔ چیئرمین نیپرا نے سماعت کے دوران سوال اٹھایا کہ اکتوبر میں ڈیزل سے بجلی کیوں پیدا کی گئی، کیا اتھارٹی کو ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے کی پیشگی اطلاع دی گئی؟ کے الیکٹرک کے حکام نے جواب دیا کہ بجلی کی پیداوار کے لحاظ سے قوانین پر عمل درآمد کیا گیا ۔