DC inspected the under-construction Sarai Alamgir Road

ڈپٹی کمشنر کا چیلیانوالہ، کوٹ بلوچ میں‌ جاری ترقیاتی سکیموں کا معائنہ

وزیر اعلی پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں جاری عوامی فلاح کے منصوبوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے محکمہ پبلک ہیلتھ کی چیلیانوالہ اور کوٹ بلوچ میں جاری سیوریج سکیم ،گورنمنٹ گرلز سکول و کالج چیلیانوالہ ، منڈی تا سرائے عالمگیر روڈ اور رسول ریسٹ ہاؤس کا معائنہ کیا۔

منڈی بہاوالدین (ایم.بی.ڈین نیوز 26 ستمبر 2023 ) ڈپٹی کمشنر نے جاری منصوبوں کی رفتار اور کوالٹی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ حافظ غلام مرتضیٰ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رضوان بشیر آغا، محکمہ پبلک ہیلتھ اور بلڈنگ کے افسران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کو متعلقہ افسران نے جاری ترقیاتی سکیموں بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کے تمام پہلووں پر کڑی نظر رکھیں۔ کام ٹھیکیداروں پر چھوڑنے کی بجائے افسران سکیموں کی خود نگرانی کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کیلئے مختص فنڈز قوم کی امانت ہیں، جن کی ایک ایک پائی دیانتداری سے خرچ کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح عوام الناس کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنا ہے، حکومت تعلیم، سڑکوں اور دیگرفلاحی منصوبہ جات کی تعمیرو توسیع کیلئے ہر ممکن وسائل اور فنڈز مہیا کر رہی ہے لہذٰا تمام منصوبہ جات کی تکمیل وقت پر مکمل کی جائے ، غیر ضروری تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مفاد عامہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان منصوبوں کو مکمل شفافیت اور حکومتی ترجیحات کے مطابق تعمیر کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں