منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 07دسمبر2020)ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران فیلڈ میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے متحرک ہو گئے۔ دریں اثناءڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار نے شہر بھر میں کورونا ایس پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے میرج ہالز، ریسٹورنٹس اور دکانوں کی باقاعدگی کے ساتھ چیکنگ شروع کر دی ہے۔ انہوں نے 30انسپکشنز کیں جن میں دکانیں ، ریسٹورنٹس اور میرج ہالز شامل تھے۔انہوں نے کوویڈ 19ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر10 میرج ہالز، مارکیزاور ریسٹورنٹس کو ایک لاکھ 23ہزار روپے جرمانہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے واررننگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ہر گز برداشت نیں کی جائے گی۔ کوویڈ 19کی حکومتی ہدایت پر عمل نہ کرنے والے میرج ہالز ، ریسٹورنٹس ، مارکیٹس اور دیگر تجارتی ادارے سیل کر دئیے جائیں گے۔محکمہ صحت کے زیر اہتمام کورونا وائرس کے متعلق آگاہی مہم کے تحت سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے شاہراہوں ، چوکوں، اور سڑکوں پر جا کر گاڑیوں، مووٹر سائیکلوں پر اور دکانوں پر جا کر خود ماسک تقسیم کئے اور انہیں آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر میں سب کو احتیاط کرنا ہو گی۔ سماجی فاصلے، ماسک پہننے اور ہاتھوں کو بار بار دھونے سے کورونا وائرس سے ممکنہ طور پر بچا جا سکتا ہے ۔
اسی طرح ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملک محمد طاہرنے شہر کے مختلف اڈہ جات اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا از خود معائنہ کیا،معائنے کے دوران انہوں نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر31گاڑیوں کے چالان کرتے ہوئے 6گاڑیوں کو ضلع کے مختلف تھانہ جات میں بندجبکہ 53ہزار روپے جرمانہ بھی کیا۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو سو فیصد یقینی بنائیں۔ حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز اور گاڑی مالکان کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیورز، کنڈیکٹرز کے علاوہ تمام سواریوں کا ماسک پہننا لازم ہے اور سواریوں کیلئے سینیٹائزر کے استعمال اور سوشل ڈسٹنسنگ کا خصوصی خیال رکھا جائے اس پر کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے۔
انہوں نے ماسک نہ پہننے والی سواریوں میں فری ماسک تقسیم کئے اور انہیں آئندہ ماسک پہن کر سفر کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے بالخصوص ٹرانسپورٹر حضرات اور مسافروں، ویٹنگ ایریاز اور گاڑیوں میں سفر کے دوران سماجی فاصلے اور فیس ماسک کے استعمال پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔