منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 14 جنوری 2021 )ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے تحصیل پھالیہ میں ترقیاتی سکمیوں اورا شیائے خوردونوش کے معیار اور قیمتوں کو چیک کرنے کے حوالے سے اچانک دورہ کیا۔انہوں نے کوڑے کرم شاہ اور غزالی پل پر کارپٹ روڈز، جانو چک کلاں اور دالہ چک میں ٹف ٹائلز لگی گلیوں، الہن دیوان چوک پر شاہ تاج شوگر ملز کے کنڈے اور مین سٹی بازار میں اشیائے خوردونوش کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کوڑے کرم شاہ اور غزالی پل کی کارپٹڈ سڑکوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کے میٹریل کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔اسی طرح انہوں نے جانو چک کلاں اور دالہ چک میں ٹف ٹائلز لگی گلیوں کامعائنہ کیا۔ گلیوں کی پیمائش اور ان میں لگے تعمیراتی میٹریل کے معیار اور مقدار کو بھی چیک کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی سکیموں کے تعمیراتی کام کی کوالٹی اور معیار کے حوالے سے بعض تکنیکی رکاوٹوں کو دور کرنے اور مسائل کے حل پر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں کو تیز رفتاری اور شفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے اور مفاد عامہ کے منصوبے بر وقت مکمل کئے جائیں۔انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت سڑکوں ، گلیوں کی تعمیرو توسیع کی سکیموں کیلئے ہر ممکن وسائل اور فنڈز مہیا کر رہی ہے۔ اس ضمن میں ترقیاتی سکیموں کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے لہذٰا تمام منصوبے وقت پر مکمل کئے جائیں۔ غیر ضروری تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر اور مفاد عامہ کی دیگرز سکیموں پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ ان شعبوں کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ انہوں نے مذید کہا کہ عوامی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیلڈ میں دورے کر کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتا رہوں گا۔اسی لئے ہمارا فرض ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے تمام پہلوو ¿ں پر کڑی نظر رکھیں۔بعد ازاں انہوںنے سٹی بازار میں گوشت، مچھلی ،سبزیوں، بالخصوص پھلوں کی قیمتوں اورمعیار کو چیک کیا اور صفائی ستھرائی کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے بازاروں میں قائم مختلف سٹور مالکان اور خریداری کیلئے آئے ہوئے صارفین سے اشیائے خوردونوش کے معیار کے حوالے سے ان کی رائے بھی معلوم کی۔ اس موقع پر انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اشیائے خوردونوش کے سرکاری ریٹ لسٹوں کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح اشیائے ضروریہ بالخصوص آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں مقررہ نرخوں پر با آسانی اور وافر مقدار میں دستیاب کرانا ہیں جس کیلئے تمام ممکنہ وسائل اورا قدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں ے بتایا کہ حکومتی وزرائ، ڈویژنل و ضلعی اور متعلقہ محکموں کے افسران باقاعدگی سے سبزی منڈیوں ، عام بازاروں اور تجارتی مراکز کے دورے کر رہے ہیں اور آٹا ، چینی سیت دیگر اشیاءکی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کر رہے ہیں تا کہ کسی بھی قسم کی عدم دستیابی اور قلت سے بر وقت نبٹاجا سکے۔
منڈی بہاوالدین آج کی ریٹ لسٹ دیکھیں
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے الہن دیوان چوک میں شاہ تاج شوگرملز کے لگے کنڈے کو بھی چیک کیا جو کہ درست پایا گیا ۔اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شوگر ملوں کیلئے گنے کی سپلائی کرنے میں استعمال ہونے والے کنڈوں کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے تا کہ وزن میں گڑ بڑ نہ ہو۔انہوں نے سختی سے خبردار کیا کہ کنڈوں اور باٹ کے وزن میں ہیرا پھیری کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔