منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 04 فروری2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عادی گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کوجرمانے کرنے کی بجائے جیل بھجوائیں،حکومت پنجاب کی ہدایت پر مہنگائی کے سد باب کیلئے پرائس مجسٹریٹس انسداد مہنگائی کو مذید موثر اور فعال بنائیں،پرائس کنٹرول لسٹ نمایاں جگہوں پر آویزاں کروائیں،حکومت کی ترجیحات اور ہدایت کے مطابق تمام اشیائے خوردونوش بالخصوص آٹا، چینی ، دالیں، پھلوں، سبزیوں کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ناجائز منافع خوری ، گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کریں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شفیق،اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال، ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر کے علاوہ مجسٹریٹس صاحبان اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر نے ملٹی میڈیا کے ذریعے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوری سے لے کر اب تک پرائس مجسٹریٹس نے 9988 انسپکشنز کیں اور پرائس ایکٹ کی1048 خلاف ورزیاں پائے جانے پر495 دکانداروں ، بڑے سٹوروں اور سٹاکسٹ کو 16 لاکھ 66 ہزار 200 روپے جرمانے کئے گئے۔ 3افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کر وائی گئیں جبکہ 2افراد کو گرفتار کروا دیا گیا۔جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت ضروری اشیاءخوردونوش،پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے اورموجودہ حالات میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو عوام الناس کی قوت خرید کے مطابق کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
منڈی بہاوالدین میں سبزی، گوشت، پھل و اشیا خوردونوش کی تازہ ترین ریٹ لسٹ دیکھیں
انہوں نے پرائس مجسٹریٹ کو ہدایت کی کہ گراں فروشوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائے ، عام بازاروں اور مارکیٹوں میں اشیاءضروریہ کی ریٹ لسٹ اور ریٹ بورڈ کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کروائیںاور جو دکاندار اس پر عملدرآمد نہ کرے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوںنے واضح کیا کہ اے سیز اور مجسٹریٹس پرائس کنٹرول آرڈینینس 2020کے مطابق کارروائی کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ اے سی صاحبان اپنے اپنے علاقوں کے ہول سیل ڈیلرز اور سٹاکسٹ کے گوداموں میںسیل اینڈ پرچیز کا ڈیٹا مرتب کرنے کیلئے 2، 2رجسٹر رکھوائیں جن میں روزانہ کی بنیاد پر سیل اینڈ پرچیز اور سٹاک سے متعلق ڈیٹا مرتب کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔
انہوں نے مذید ہدایت کی کہ وہ ہول سیل ڈیلر اور سٹاکسٹ کے ساتھ میٹینگ کرکے انہیں آرڈینینس 2020کے متعلق آگاہ کیا جائے اور انہیں بتایا جائے کہ ان کے گوداموں کے معائنے کئے جائیں گے اور اگر سیل اینڈ پرچیز رجسٹر کے ڈیٹا میں فرق پایا گیا تو سامان بحق سرکار ضبط کر کے سرکاری ریٹ پر سیل کر کے رقم کو سرکاری خزانے میں جمع کروایا جائے گا اور خلاف ورزی کے مرتکب ڈیلر یا سٹاکسٹ کو 10لاکھ روپے جرمانہ بھی کیاجائے گا۔ انہوںنے اے سی صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاوقوں میں بڑے سٹورزاور شاپس پر34فوڈ آئٹم کو مقرر کردہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنائیں۔