اسلام آباد ( اخبار تازہ ترین ۔ 30 دسمبر 2020ء) پاکستان میں کورونا ویکسین کی دستیابی کے حوالے سے تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین مارچ میں دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں طبی عملے کو ویکسین لگائی جائے گی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں اسد عمر نے کہا کہ کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت ہیلتھ کیئر ورکرز کے لیے کورونا ویکسین خریدے گی۔
کوسشش ہے کہ کورونا ویکسین مارچ تک پاکستان میں دستیاب ہوگی۔ دس لاکھ سے زائد ویکسینز کی خریداری کے لیے ڈریپ کی ایکسپرٹ کمیٹی سے منظوری لی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں فواد چوہدری، ڈاکٹر فیصل سلطان، حماد اظہر اور ثانیہ نشتر نے بھی شرکت کی۔ کمیٹی کی سربراہی اسد عمر نے کی۔ کمیٹی اجلاس میں طے کیا گیا ہے کہ کورونا ویکسین چائنہ سے خریدی جائے گی۔ اس حوالے سے چین کی سرکاری ویکسین ساز فارما کمپنی سائینوفارم سے ویکسین کی خریداری کا فیصلہ کیا گیا ہے