وزیراعظم عمران خان آج سیالکوٹ کے دورے کے دوران شہر کے لیے 17 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان اور ائیرلائن کا افتتاح کريں گے۔
اس حوالے سے سيالکوٹ کو پارٹی پرچم اور پينا فليکس سے سجا ديا گيا ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ عمران خان 17 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے جو کہ سیالکوٹ شہر کے ليے تاریخی پیکچ ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں شروع ہونے والی نئی ایئرلائن ایئر سیال کا طیارہ 29 نومبر کو امریکا سے کراچی پہنچا تھا۔ پاکستان میں شروع ہونے والی نئی فضائی کمپنی سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی ہے، جس نے یہ طیارہ امریکا سے منگوایا۔ ایئرلائن کے دو مزید طیارے اگلے ہفتے پاکستان پہنچیں گے۔
ایئر لائن 3 ایئر بس 320 پر محیط فلیٹ سے فلائٹس آپریشن شروع کرے گی۔ انتظامیہ سال نو کے موقع پر ڈومیسٹک فلائٹس آپریشن شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پہلے مرحلے میں 5 شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ اور پشاور کے درمیان فلائٹس چلائی جائیں گی۔ اس سے قبل اپنی برآمدات کو بڑھانے کیلئے سیالکوٹ کے تاجروں نے ایئرپورٹ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا اور اس مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے 365 صنعتکاروں نے ساڑھے 3 ارب روپے اکٹھے کیے تھے