منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 14 مارچ 2021 )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ تاجر حضرات اور کریانہ مرچنٹس حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ قیمتوں کو موثر بنانے میں اپناکلیدی کر دار ادا کریں، انہوں نے باور کرایا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایات کی روشنی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو سوفیصد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے نمائند گان کے ساتھ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی او انڈسٹریز و فوکل پرسن رانا گلفام حیدر، انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے عہدیداروں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔
قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر نے نے اجلاس کو مختلف اضلاع میں موجودہ اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تاجران اور متعلقہ افسران کے ساتھ غوروخوص کے بعد متفقہ طور پراشیائے خوردونوش کی قیمتیں مارکیٹس کے جائزے کے بعد مقرر کر دیں۔ جس کے مطابق باسمتی سپر کرنل نیا 115 روپے کلو، دال چناموٹی 135روپے، دال چنا باریک 130روپے، دال ماش دھلی 210روپے، دال ماش چھلکا والی 215روپے ، سفید چنا موٹا 135روپے، سفید چنا کینیڈین 125روپے، کالا چنا 135روپے فی کلو گرام پر دستیاب ہونگے ۔ اسی طرح مٹن 900روپے فی کلو، بیف450 فی کلو، بیسن 135 روپے فی کلو دستیاب ہو گا۔ اسی طرح تندوری روٹی 10گرام 7روپے فی عدد، نان 12روپے فی عدد پر دستیاب ہونگے جبکہ بقیہ اشیائے خوردونوش کی قیمیتیں پہلی قیمت پر ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
منڈی بہاوالدین میں سبزی، پھل، گوشت، انڈوں و اشیائے خوردونوش کی تازہ ترین ریٹ لسٹ دیکھیں
سبزیوں، فروٹ ، انڈے ، برائلر گوشت مارکیٹ کمیٹی روزنامہ کی بنیاد پر مقرر کرے گی۔ بعدازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کسی غریب دکاندار کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے بلکہ صریحاََ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ضروری اشیاءخوردونوش، پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے اورموجودہ حالات میں عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو مقامی انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کا ہمیشہ سے اعتماد و تعاون حاصل رہا ہے۔
انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو موثر بنانے کیلئے اپنا تعاون اور کلیدی کردار ادا کریں۔ جس پر انجمن تاجران نے انتظامیہ کو اپنے غیر مشروط اور بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ناصرف بھرپور تعاون کیا جائیگا بلکہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں کے سلسلے میں کوئی سفارش نہیں کی جائے گی۔