منڈی بہائوالدین میں حکومت کی جانب سے گنے کی فی من قیمت 200روپے مقرر

منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 03دسمبر2020)ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، شوگر ملز مالکان کاشتکاروں کے واجبات کی بر وقت ادائیگی کو ہر صورت یقینی بنائیں،ضلعی انتظامیہ اور شوگر ملز مالکان کسانوں کا استحصال کرنے والے مڈل مین کے کردار کی حوصلہ شکنی کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں شاہ تاج شوگر ملزکے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر، انسپکٹر ویٹ اینڈ میئرز محمد بلال، شاہ تاج شوگر ملزانتظامیہ کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر عبدالوحید قریشی اورریونیو کا عملہ بھی موجود تھا۔

ڈپٹی کمشنر نے شاہ تاج شوگر ملز میں گنے سے چینی کی پیداوار کے مختلف مراحل اور شعبوں جن میں کنڈا، ڈسپنسری، ٹرالیوں کے پارکنگ ایریا اور سی پی آر روم کا معائنہ کیا ۔ معائنہ کرنے پر چینی کو پائیدار اور اچھی حالت میں پایا۔قبل ازیں شوگر ملز کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر عبدالوحید قریشی نے گنے سے چینی بننے تک کے مختلف مراحل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں: گنے کاسیزن شروع ہونے پرگنے سے لدی اورخالی ٹریکٹرٹرالی پرریفلیکٹرلگانے کے عمل کویقینی بنائیں، ڈپٹی کمشنر کی ٹریفک پولیس کو ہدایت

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گنے کی فی من قیمت 200روپے مقرر کی گئی ہے جس پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ گنے کی خریداری میں کسی قسم کی کٹوتی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومت نے سی پی آر جاری نہ کرنے والی شوگر ملوں اور غیر قانونی کنڈوں پر پہلے سے ہی دفعہ 144نافذ کر دی ہے اور ضلعی انتظامیہ اس پر عملدرآمد کرانے کی پابند ہے۔دفعہ 144کے تحت صوبہ بھر میں گنے کے غیر قانونی کنڈے نصب کرنے پر پابندی عائد ہے اور کنڈا جات کے مالکان کاشت کاروں سے حکومت کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں پر گنے کی خرید اور رسید جاری کرنے کے پابند ہوں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹرالی مالکان اپنی ٹرالیوں پر ریفلیکٹرز لگائیں ۔ ریفلیکٹرز نہ لگانے والی ٹرالی مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ملز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ٹرالیوں کو ان لوڈنگ اور پارکنگ کرنے کیلئے بر وقت جگہ مہیا کی جائے ۔انہوں نے واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملز انتظامیہ ملز کی حدود میں کورونا ایس او پیز عملدرآمد کو سو فیصد یقینی بنائے۔

ڈپٹی کمشنر نے گنے کے کاشتکاروں کو باور کروایا کہ کسان معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت کسانوں کو استحصال سے بچانے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ انہوں نے ضلع منڈی بہاﺅالدین میں گنے کے کاشتکاروں کو شاہ تاج شوگر ملز کی طرف سے 200روپے فی من کی ادائیگی کے حوالے سے استفسار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں