اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں یکم مارچ سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے تعلیمی ادارے یکم مارچ سے ہفتے میں 5 روز کھل جائیں گے۔ کورونا کی وجہ سے بڑے شہروں میں اسکولوں پر کلاسز کو چھوٹے گروہوں میں تقسیم کر کے پڑھانے کی پابندی کا اطلاق 28 فروری سے ختم ہورہا ہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کچھ بڑے شہروں کے اسکول 28 فروری تک مرحلہ وار کلاسز لیں گے۔ اللہ کے فضل سے ہم نارمل حالات کی جانب جا رہے ہیں۔
گزشتہ روز این سی او سی نے ملک بھر میں مزارات کھولنے، شاپنگ مالز کے اوقات کار بڑھانے اور ہوٹلوں میں ان ڈور ڈائننگ کی سہولت فراہم کرنے کی اجازت بھی دی تھی۔ اس کے علاوہ پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں ہونے والے میچز کے لیے تماشائیوں کی تعداد بھی 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد تک کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس فروری سے ملک میں کورونا کے باعث تعلیمی نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا تھا۔ سندھ میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے جب کہ 15 مارچ سے ملک کے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے۔ تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر کو دوبارہ کھولا گیا تاہم وبا کی دوسری لہر کے باعث انہیں 26 نومبر کو دوبارہ بند کر دیا گیا تھا۔ یکم فروری سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں بحال کی گئی تھیں اور حکومت نے تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا تھا