پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے فلم ’ضرار کو رواں سال ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔
شان شاہد نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہماری پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے کیونکہ رواں سال مارچ میں ہمارے سینما گھر دوبارہ سے کُھل جائیں گے۔ اداکار نے سینما گھر کھولنے کی اجازت دینے پر وزیراعظم عمران خان کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اُنہوں نے لکھا کہ ہم 2020 میں فلم ’ضرار‘ ریلیز کرنے کے لیے تیار تھے لیکن یہ کورونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللّہ! رواں سال فلم ’ضرار‘ ریلیز ہوجائے گی، ساتھ ہی انہوں نے فلم’ضرار‘ کے آفیشل ٹریلر کا یوٹیوب لنک شیئر کیا۔ فلم کی کہانی خود شان شاہد نے تحریر کی جبکہ سینئر آرٹسٹ نیئر اعجاز منفی کردار اور ندیم بیگ اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے