وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے واضح کیا ہے کہ رواں سال رمضان المبارک میں مساجد بدستور کھلی رہیں گی۔
پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر شدید تر ہوتی جارہی ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے کیسز میں روز بروز تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ سال کرونا وائرس کی وباء کے باعث رمضان المبارک میں ملک بھر میں عام نمازوں، نماز جمعہ اور تراویح کے اوقات میں مساجد بند کردی گئی تھیں، صرف چند افراد کو باجماعت نماز کی اجازت تھی۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے واضھ کیا کہ اس سال رمضان المبارک میں تمام مساجد عام نماز، نماز جمعہ اور تراویح کیلئے کھلی رہیں گی، تاہم نمازیوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ اسلام آباد میں حفظ و قرأت کے مقابلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نور الحق قادری نے کہا کہ رمضان المبارک اور قرآن پاک میں خاص تعلق ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے مساجد کو کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مسلمان اس تعلق سے فائدہ اٹھاسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایس او پیز اور ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے کڑی نظر رکھے گی، کیونکہ یہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے انتہائی ضروری ہے، جس کے ذریعے مساجد میں عبادات ممکن ہوسکیں گی