منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 08فروری2021)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کنٹرول میں رکھ کر صارفین کو فائدہ پہنچانااور رسدو طلب کے مکنیزم کو بہتر بنا کر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام پیدا کرنا ہے،انہوں نے پرائس مجسٹریٹس صاحبان اور تاجر حضرات سے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو عوام کی قوت خرید کے مطابق کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز، ڈی او انڈسٹریز و فوکل پرسن رانا گلفام حیدر، ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت شیخ محمد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ضیاءاللہ گوندل ، تاجر حضرات کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں مختلف اشیائےءخوردونوش کی قیمتیں مقرر کرنے کے حوالے سے غوروخوض کیا گیا ۔
اجلاس کوڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدرنے بریفنگ دی۔ بریفنگ سننے کے بعدایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر عوام الناس کو سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔ وزیراعظم کا فوکس ہے کہ قیمتوں کو ہر صورت کنٹرول کیا جائے اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ہمیں حکومتی ہدایات کو سنجیدگی سے لے کر اس پر سو فیصد کارکردگی دکھانا ہوگی۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیںکیونکہ ان کی حقیقی کارکردگی اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھ کر عوام الناس کو فائدہ پہنچانا ہے ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام چھوٹی بڑی دکانوں، سپر سٹورز ریڑھیوں، ٹھیلوں پر اشیائے خوردونوش کے روزانہ مقرر کردہ نرخناموں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے ریٹ لسٹ نمایاں جگہوں پر آویزاں کروائیں۔انہوں نے کہا کہ گراں فروشوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائیںاورکسی غریب دکاندار کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے بلکہ صریحاََ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کی جائے۔