اسلام آباد: این سی او سی نے یکم جون سے آؤٹ ڈور شادیوں کی اجازت دے دی جبکہ 24 مئی سے 7 جون تک تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔
نیوز کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الز مان کی زیرصدارت ایس سی اوسی کااجلاس ہوا، جس میں معاون خصوصی برائے صحت ،وزیرصحت سندھ، اور تمام فیڈریٹنگ یونٹوں کے چیف سیکرٹریز کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں Non Pharmaceutical Interventions (این پی آئیز) کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جب کہ فیصلہ کیا گیا کہ یکم جون سے آؤٹ ڈور شادی کی اجازت ہوگی، تاہم شادی میں زیادہ سے زیادہ 150 افراد شریک ہوں گے اور تقریبات گھر سے باہر کھلی جگہ پر منعقد کی جاسکیں گی، جب کہ 24 مئی سے 7 جون تک مرحلہ وار تعلیمی شعبے بھی کھول دیئے جائیں گے، میٹرک اور انٹر سمیت تمام امتحانات 20 جون کے بعد ہوں گے، جب کہ وزارت تعلیم کی سفارش کے مطابق پیشہ ورانہ امتحانات بھی ہوں گے۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ کورونا پروٹوکول کے ساتھ سیاحت کی اجازت ہوگی، جب کہ زیارتیں، سنیما، انڈور ڈائننگ، انڈور جمز تاحکم ثانی بند رہیں گے، تفریحی پارکس، واکنگ، جاگنگ ٹریکس سخت کورونا ایس اوپیز کے ساتھ کھلے رہیں گے۔ کھیلوں، تہواروں، ثقافتی اور دیگر پروگرامز پر مکمل پابندی عائد ہوگی، جب کہ تمام انڈور آوٴٹ ڈور ثقافتی، موسیقی، اور مذہبی اجتماعات پر بھی پابندی عائد ہوگی