کورونا کی صورتحال میں سکول کھولنا مشکل فیصلہ تھا، بچوں کا تعلیمی نقصان ہورہا تھا، مئی جون میں امتحانات کے بعد اگلا تعلیمی سال شروع کردیا جائے گا۔ وزیرتعلیم پنجاب کی گفتگو
لاہور( اخبار تازہ ترین۔ 05 جنوری 2021ء) وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ تعلیمی نقصان کے ازالے کیلئے گرمیوں کی کم چھٹیاں دی جائیں گی،سکول کھولنا مشکل فیصلہ تھا، بچوں کا تعلیمی نقصان ہورہا تھا، مئی جون میں امتحانات کے بعد اگلا تعلیمی سال شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے بھی لاک ڈاؤن کیا تھا، کورونا کی صورتحال کچھ بہتر لگ رہی تھی، کورونا کیسز کا گراف تھوڑا نیچے آگیا ہے، میرا خیال ہے جس طرح ہم نے باقی سیکٹرز ایس اوپیز کے کھول رکھے ہیں، اب ہم دوبارہ کھولنے جارہے ہیں، ایس اوپیز پر عمل کروائیں گے، سکول کھولنے کا ایک مشکل فیصلہ ہے کیونکہ سب سے زیادہ نقصان بچوں کا ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مارچ میں ہونے والے امتحانات موخر ہوں گے، وفاقی وزیر تعلیم
کسی بچے کو اس سال امتحان کے بغیر پروموٹ نہیں کیا جائے گا، بچوں کو جو ہوم ورک دیا تھا،اس کے نمبر دیے جائیں گے، مئی اور جون میں امتحانات کے بعد اگلا تعلیمی سال شروع کردیا جائے گا، موسم گرما کی چھٹیاں بہت محدود یعنی کم کریں گے، جتنی تعطیلات پہلے ہوتی تھیں ویسے چھٹیاں نہیں دیں گے، کیونکہ اب بچوں کو مزید چھٹیاں نہیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا جو نقصان ہوچکا ہے، اسی وجہ سے چھٹیوں میں کمی کی جارہی ہے تاکہ بچوں کو زیادہ سے زیادہ وقت دیا جاسکے، وہ بچے جوسکولوں سے ڈراپ ہوگئے ہیں، ان کو بھی واپس لانے کی کوشش کریں گے۔
اس کیلئے باقاعدہ مہم شروع کریں گے۔مزید برآں محکمہ تعلیم پنجاب کے نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی کہ پچاس فیصد بچے تین دن اور پچاس فیصد بچے اگلے تین دن سکول آئیں گے، اساتذہ اور سٹاف کیلئے سکولوں میں پیر11 جنوری سے آنا ہوگا، جبکہ آٹھویں سے بارہویں جماعت تک طلباء 18جنوری اور پرائمری سے آٹھویں تک کے بچوں کیلئے 25 جنوری سے سکول کھلیں گے۔ سکولوں میں کورونا ایس اوپیز پر عمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔