مظفر گڑھ (تازہ ترین اخبار۔ 04 فروری 2021ء) جانے ہمارے رویوں میں بالیدگی اور شعور میں جلا کب تک پیدا ہو گا کہ ہم مہذب معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار اد اکریں گے۔ملتان میں کم سن بچے کی ڈرائیونگ پر سوالیہ نشان اٹھے تھے اگر اس واقعہ کے تناظر میں اسلام آباد واقعہ میں کشمالہ طارق کے بیٹے کی گاڑی ڈرائیونگ کے نتیجے میں پیش آنے والے نقصان کا اندازہ لگایا جائے تو محسوس کیا جا سکتا ہے کہ کم عمری اور اِمیچور ڈرائیونگ کے نتائج کتنے بھیانک ہو سکتے ہیں،مگر ہم ہیں کہ سدھرنے کا نام ہی نہیں لیتے۔
ملتان کے بعد ضلع مظفر گڑھ میں بھی بچے کی ڈرائیونگ کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں 10 سالہ بچہ مرکزی شاہراہ پر مہران کار چلا رہا ہے تاہم پولیس نے کم سن بچے کے والد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ واقعہ مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی میں پیش آیا۔کم سن بچے کے والد کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق 10 سالہ محسن خلیل مرکزی شاہراہ پر گاڑی چلا رہا تھا جس پر پولیس نے کار روک لی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ بچے کے والد خلیل احمد نے 10 سالہ بچے کو کار فراہم کرکے عوام کی جان کو خطرے میں ڈالا۔پولیس نے مذکورہ کار کو بھی قبضے میں لے لیا۔ویڈیو میں بچے کو مصروف ترین شاہراہ پر کار چلاتے دیکھا جاسکتا ہے.بچے کی کار چلانے کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد ڈی پی او حسن اقبال نے نوٹس لیتے ہوئے بچے کے والد کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کردیے تھے۔
ایس ایچ او تھانہ جتوئی شاہد رضوان کے مطابق بچے کے والد کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔واضح رہے کہ 26 جنوری کو ملتان میں لینڈ کروزر چلاتے ہوئے ننھے ڈرائیور کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔جس پر بچے کو تلاش کر کے اس کے والد کو جرمانہ کیاگیا تھااور آئندہ اپنے بیٹے کو گاڑی چلانے کے لیے نہ دینے کی ہدایت کی گئی تھی مگر اگلے ہی دن بچے کی ایک اور ویڈیو سامنے آ گئی تھی جس میں وہ گاڑی چلا رہا تھا۔ابھی ملتان والے بچے کی گاڑی چلانے کی خبر نے دم نہیں توڑا تھا کہ مظفرگڑھ کے بچے کی کار چلانے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی اور اس میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچے کے والد کے خلاف ایف آئی آر درج کرتے ہوئے گاڑی کو بھی اپنے قبضے میں کرلیا ہوا ہے۔