ابوظبی(تازہ ترین اخبار۔23 دسمبر2020ء) ابوظبی کی حکومت نے متعدد ممالک سے آنے ویزہ ہولڈرز اور سیاحوں کو بڑی رعایت کا اعلان دے دیا ہے۔ جس کے بعد ان ممالک کے شہریوں کو ابوظبی آنے پر قرنطینہ کی پابندی سے مستثنیٰ کر دیا گیا ہے۔ ان ممالک میں سعودی عرب اور چین سمیت کئی ممالک شامل ہیں۔ ابوظبی ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی کی جانب سے انٹرنیشنل فلائٹس کے ذریعے ابوظبی پہنچنے والے غیر ملکیوں کے لیے گائیڈ لائنز میں تبدیلی کے حوالے سے اہم اعلان کیا ہے، جس کے مطابق اب کئی ممالک کے شہریوں کو’گرین‘ لسٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
اس گرین لسٹ میں آسٹریلیا، برونائی، چین، یونان، گرین لینڈ، ہانگ کانگ، ملائشیا، موریشیئس، نیوزی لینڈ، سنگاپور، تائیوان، تاجکستان، تھائی لینڈ، ازبکستان اور ویت نام شامل ہیں جن کے باشندوں کو ابوظبی آنے پر خود کو قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا۔ ابوظبی ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی کے مطابق یہ رعایت کل یعنی 24 دسمبر 2020ء سے انٹرنیشنل فلائٹس کے ذریعے ابوظبی پہنچنے والے ان افراد کو حاصل ہو گی جن کے ممالک کو گرین کا درجہ دیا گیا ہے۔
ایمرجنسی کمیٹی کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ 24 دسمبر 2020ء سے بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے ابوظبی آنے والوں کو کورونا پی سی آر ٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ دکھانا لازمی ہوگی۔ پرواز میں سوار ہوتے وقت اس رپورٹ کو حاصل کیے ہوئے 96 گھنٹے سے زائد وقت نہ گزرا ہو، ورنہ نئی رپورٹ حاصل کرنے کے بعد سفر کرنا ہو گا۔ تمام مسافروں کاابوظبی پہنچنے پر دوسرا پی سی آر ٹیسٹ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ابوظبی نے دیگر اماراتی ریاستوں سے ابوظبی داخل ہونے والے اماراتیوں اور تارکین کے لیے بھی پابندی میں نرمی کا اعلان کر دیا ہے۔ نئی گائیڈ لائنز 24 دسمبر سے لاگو ہوں گی۔ نئی گائیڈ لائنز کے مطابق جو مقامی اور تارکین ابوظبی شہر میں آنا چاہتے ہیں، انہیں آمد سے قبلPCR یا DPI لیزر ٹیسٹ میں سے کوئی ایک ٹیسٹ کروانا ہو گا، جس کی رپورٹ نیگیٹو ہونی لازمی ہے ۔
یہ رپورٹ حاصل کرنے کے بعد 72 گھنٹے کے اندر اندر ابوظبی میں داخل ہونا لازمی ہے ۔72 گھنٹے سے زائد مُدت ہونے پر دوبارہ ٹیسٹ کروا کر نئی رپورٹ حاصل کرنا ہو گی۔ اس سے قبل جو لوگ ابوظبی آنا چاہتے تھے انہیں پی سی آر یا ڈی پی آئی لیزر ٹیسٹ کروانے کے بعد ابوظبی داخلے کے لیے صرف 48 گھنٹوں کی مہلت دی جاتی تھی، اس لحاظ سے اب اس مہلت میں 24 گھنٹے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
دوسری اہم رعایت یہ دی گئی ہے کہ اب اگر کوئی شخص ابوظبی شہر میں چھ دن یا اس سے زائد عرصہ قیام کرے گا تو اسے ابوظبی آنے کے بعد چھٹے روز PCR ٹیسٹ لازمی کرواناہوگا۔ مثلاً اگر کوئی شخص اتوار کے روز ابوظبی پہنچا اور اسے ابوظبی میں چھ روز سے زیادہ رہنا ہے تو پھر جمعہ کے روز پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہو گا۔ واضح رہے کہ پہلے ابوظبی میں آٹھ روز سے زائد قیام پر دو بار PCR ٹیسٹ کروانا پڑتا تھا۔ پہلا ٹیسٹ ابوظبی پہنچنے کے بعد چوتھے روز جبکہ دوسرا ٹیسٹ آٹھویں روز کروانا ہوتا تھا۔