آڑھتی حضرات حکومت کی جانب سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی، طارق بسرا

منڈی بہاؤالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 18 اپریل 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی رضا نے علی الصبح شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی میں بولی کے عمل کا جائز ہ لیا -انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی نگرانی میں بھی پھلوں اور سبزیوں کی حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر نیلامی کروائی۔

انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران سے کہاکہ وہ عوام کی قوت خرید کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر پھل اور سبزیاں فروخت کریں اور صارفین کے حقوق کا خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو کنٹرول کیاجا رہا ہے۔ پرائس ایکٹ کے تحت کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آرز اور گرفتاریوں عمل میں لائی جائیں گی۔اس موقع پر ڈی پی او سید علی رضا نے کہا کہ مہنگائی مافیا کا صفایا ہی مشن ہے ۔

منڈی بہاوالدین میں آج سبزی، پھل، برائلر مرغ، انڈے و اشیائے خوردونوش کی تازہ ترین ریٹ لسٹ دیکھیں

انہوں نے واضح کیا کہ قیمتوں میں بلا جواز اضافے کے منفی رحجان کو سختی سے روکا جائے گا لہذٰا آڑھتی حضرات حکومت کی جانب سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سبزی منڈی میں نیلامی کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے محکمہ پولیس اور ریونیو کا مذید عملہ تعینات کیا جائے اور ان کی کارکردگی میں مذید بہتری لائی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کے عمل میں کسی قسم کی سستی اور کاہلی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے سبزی منڈی میں خریداری کیلئے آنے والے دکانداروں اور صارفین سے قیمتوں سے متعلق استفسار بھی کیا جس پر وہاں موجود صارفین نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں کو عوام الناس کو براہ راست ریلیف پہنچانے کیلئے کنٹرول کیا جا رہا ہے اورمنڈی میں نیلامی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ تمام سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پرعملدرآمد کروایا جا رہا ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں