وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں صوبہ بھر کی طرح ضلع منڈی بہاوالدین میں بھی ورلڈ فاریسٹ ڈے پھرپور طریقے سے منایا گیا۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ڈی پی او رضا صفدر کاظمی نے ڈفر جنگل میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور مہم کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔
منڈی بہاوالدین (ایم.بی.ڈین نیوز 21مارچ 2024 ) اس موقع پر ضلعی افسران ٹیچرز، سول سوسائٹی اور سکول کے بچوں نے بیک وقت 96ہزار پودے لگائے۔ مجموعی طور پر آج کے دن میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک لاکھ پودے لگائے گئے جبکہ 2 ہزار پودے عوام لناس میں تقسیم بھی کئے گئے۔
ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ڈی پی او رضا صفدر کاظمی کا کہنا تھا کہ درخت ملکی معیشت، انسانی صحت اور بیماریوں سے نجات کا بڑا ذریعہ ہیں، اس کرہ ارض پر رہنے کیلئے درخت نہایت ضروری ہیں ،آج یہاں ہمارے اکھٹا ہونے کا مقصدعوام الناس میں شجرکاری کا شعور اور آگاہی پیدا کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر ذمہ دار شہری کا یہ قومی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ وہ اپنے گلی، محلوں اور کھلی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی نگہداشت کیلئے شجرکاری کی اہمیت اور افادیت سے دوسروں کو بھی آگاہ کریں۔ضلع منڈی بہاوالدین کی عوام سے اپیل ہے کہ وہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا مثبت کردار اداکریں اور انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
