محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام ٹی ایم اے ہال میں فیملی پلاننگ آگاہی اور سروسز کی فراہمی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر غفران حسین ثاقب، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عتیق الرحمٰن،علمائے کرام اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
منڈی بہاوالدین(ایم.بی.ڈین نیوز 21اکتوبر2023 ) ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر غفران حسین ثاقب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت آبادی میں بے ہنگم اضافہ کی روک تھام کیلئے اصلاحی و انتظامی اقدامات کر رہی ہے کیونکہ وسائل اور آبادی کے توازن کو برقرار رکھ کر ہی ملکی ترقی ممکن ہو سکتی ہے۔ہمیں سنجیدگی سے بڑھتی ہوئی آبادی پر کنٹرول کرنا ہو گا اسی میں ہماری بقا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حالیہ عرصے کے دوران حکومت نے صحت اور تعلیم کی سہولتوں میں بے پناہ اضافہ کیا لیکن مطلوبہ نتائج نہیں مل سکے جس کی وجہ شرح آبادی میں بے تحاشہ اضافہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع منڈی بہاوالدین کی آبادی میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ضلع کی آبادی اب 17لاکھ تک پہنچ چکی ہے جو کہ 1.7فیصد سے بڑھ کر 2.7فیصد بنتی ہے ۔
ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے بہبود آبادی کے اصولوں پر عمل کرنا ہو گا۔ اسی حوالے سے محکمہ بہبود آبادی مذہبی حلقوں، تعلیمی اداروں اور گاوں کی سطح پر سیمینار اور دیگر معلوماتی پروگرامز منعقد کرواتا ہے جس کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہو رہے ہیں اور بہبود آبادی کے اصولوں کی حمایت میں روشنی کی نئی امید پیدا ہوئی ہے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عتیق الرحمٰن نے کہا کہ ہر سال پاکستان کی آبادی میں 42 لاکھ کا اضافہ ہو رہا ہے جو دنیا کے کئی ممالک کی مجموعی آبادی سے زیادہ ہے۔ اگر آبادی کے مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو 2030 تک پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن جائے گا ،جس سے ملک میں غربت، بے روزگاری اور افلاس بڑھے گی۔تقریب سے میڈیا نمائندگان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر میڈیا نمائندگان کی حوصلہ افزائی کیلئے انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔
