نئی دہلی: بھارت کے عالمی شہرت یافتہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے خاندان میں اگلے ماہ ایک نیا اضافہ متوقع ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شبدیپ سنگھ سدھو المعروف سدھو موسے والا جنہیں 2022 میں خطرناک گینگسٹرز نے قتل کر دیا تھا، وہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھے۔ سدھو موسے والا کے خاندان کے بعض افراد نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ گلوکارہ کی 58 سالہ والدہ چرن کور اگلے ماہ بچے کو جنم دیں گی اور اس وقت وہ 6 ماہ سے نامعلوم مقام پر ہیں۔
پولیس نے گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی گتھی ’ایک رسید‘ سے سلجھا لی
معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے والد کی عمر 60 سال ہے اور وہ اپنے بیٹے کی طرح سیاست کے میدان میں اتر چکے ہیں۔ سدھو موسے والا نے بھی کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔ سدھو موسے والا کے والدین مودی حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں کے خلاف ملک بھر میں کسانوں کے دہلی چلو مارچ کی حمایت کر رہے ہیں۔
سدھو موسے والا کے والدین خود اس خبر کی تصدیق کے لیے دستیاب نہیں ہیں لیکن خاندانی ذرائع اس کی تصدیق کرتے ہیں۔ یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ جوڑے نے بچہ پیدا کرنے کے لیے IVF علاج کا انتخاب کیا ہے۔ واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو دو سال قبل بدمعاشوں نے کار پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ گلوکار کو 30 گولیاں لگیں۔