ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں پاکستانی اور کشمیری پرچموں کی پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر سائرن بجایا گیا، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی بھی نکالی گئی۔
ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے کی، جبکہ ضلعی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر مین پھالیہ روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے حق میں نعرے لگائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے مطالبے پر زور دیا۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے کہا کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو غیر قانونی طور پر ختم کرکے وہاں کے عوام کے بنیادی حقوق سلب کیے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کی اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد، ان کی قربانیوں اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم کشمیری عوام کی آزادی تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت حاصل ہوگا۔
یومِ استحصالِ کشمیر کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ اور اسسٹنٹ کمشنر ملکوال کی قیادت میں بھی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں سرکاری افسران، طلبہ اور شہریوں نے شرکت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
