پھالیہ (نامہ نگار) تھانہ پھالیہ پولیس نے منشیات فروشی، چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران بھاری مقدار میں منشیات اور شراب برآمد کر لی۔
پولیس نے علمدار حسین سکنہ چھنی جوائے شاہ کو منشیات سمیت حراست میں لے کر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ مخبر کی اطلاع پر نہر پھالیہ کے قریب کٹھیالہ شیخاں پل پر کارروائی کرتے ہوئے پھالیہ شہر کے مختلف مقامات پر فروخت کرنے والے عزیز احمد سکنہ سیرے کی کار کے ٹرنک سے بھاری مقدار میں شراب برآمد کر لی۔
ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایس ایچ او ماڈل تھانہ پھالیہ محمد آصف رانجھا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاؤالدین سید رضا صفدر کاظمی کی ہدایات کے مطابق ہم نے علاقہ بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ بلا تفریق ایسے لوگوں کو سلاخوں کے پیچھے بند کیا جا رہا ہے۔