صدر آصف علی زرداری نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے صوبے میں سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر آصف علی زرداری کو گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے صوبے میں سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
صدر کو بتایا گیا کہ ہم دور دراز علاقوں کے لوگوں تک پہنچ رہے ہیں اور انہیں بتا رہے ہیں کہ اس مشکل وقت میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان ہلال احمر کی خدمات کا دائرہ کار لاہور، حافظ آباد، قصور، مظفر گڑھ، راجن پور، نارووال اور منڈی بہاؤالدین سمیت تقریباً پورے صوبے تک پھیلا دیا گیا ہے۔
سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ضلعی انتظامیہ کی این جی اوز کے سربرہان سے ملاقات
گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہلال احمر کے امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ کرتارپور میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی اور بے موسمی بارشیں خطے میں خوراک کے بحران کا بڑا خطرہ بن چکی ہیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ ماحولیاتی تباہی میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں لیکن ہماری قوم اس کی بھاری قیمت چکا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے دنیا کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
