ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت رمضان بازار کے قیام اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے انجمن تاجران کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، سی ای میونسپل کمیٹی وقار احمد سمیت انجمن تاجران کے نمائندوں نے شرکت کی۔
منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 02 مارچ 2024 ) اجلاس میں رمضان بازاروں کے قیام ، بازاروں میں صفائی ستھرائی ،عارضی تجاوزات کا پر امن خاتمہ ، ریڑھی بانوں کیلئے مناسب جگہ کا انتخاب ، بازاروں میں عارضی تجاوزات کی مقررہ حد، رکشہ سٹینڈ، ٹریفک کی روانی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر رمضان المبارک میں عوام الناس کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ضلع کی تینوں تحصیلوں میں رمضان بازار لگائے جائیں گے ، رمضان بازاروں میں معیاری اور سستی اشیائے خوردونوش وافر مقدار میں دستیاب ہوں گی۔
منڈی بہاءالدین رمضان کیلنڈر 2024
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق صوبہ بھر کی طرح ضلع منڈی بہاوالدین میں بھی عوام الناس کی سہولت کیلئے انجمن تاجران کے تعاون سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، بازاروں میں تجاوزات کے خاتمے ،گاڑیوں کی پارکنگ ، رکشہ اسٹینڈ اور ریڑھیوں کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے گی ، ہر دکانداراپنی دکان کے آگے ڈسٹ بن لگائے گا، اس حوالے سے تاجر برادری کا پھر پور تعاون ضروری ہے۔
کسی تاجر ، دکاندار اور ریڑھی بان کے کاروبار کو متاثر نہیں کیا جائے گا ، ہمارا کسی سے ذاتی جھگڑا نہیں، ہمارا صرف ایک ہی مقصد ہے اور وہ شہر کی بہتری ہے۔انجمن تاجران اور دکانداروں نے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی۔
اجلاس میں انجمن تاجران کے عہدیداروں اور دیگر دکانداروں نے فرداً فرداً اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنی قیمتی آراءاور تجاویز سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پیش کی گئی تجاویز اورآراءکا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا مناسب حل اور عمل کی یقین دہانی کرائی۔