منڈی بہاؤالدین(ملک رؤف زبیر ) تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین میں بارش کا پانی داخل ہونے کی وجہ سے آئی جی جیل خانہ جات نے ڈسٹرکٹ منڈی بہاؤالدین جیل کے 733 قیدیوں کو ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد منتقل کر دیا تھا۔جیل میں قید لوگوں کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ اب ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین سے بارش کا پانی نکال دیا گیا ہے۔
عرصہ دراز سے تمام قیدی منڈی بہاؤالدین ڈسٹرکٹ جیل میں ہی رہ رہے ہیں۔بارشیں پہلے بھی ہوتی رہی ہیں۔قیدیوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ہمیں ملکوال سے حافظ آباد ملاقات پر جانے کے لیے 4 گھنٹے،منڈی بہاؤالدین سے ساڑے تین گھنٹے اور پھالیہ سے 3 گھنٹے لگتے ہیں۔اور ہم مائیں،بہنیں اور بوڑھے والدین جب تک دھکے کھا کر اور خرچہ کر کے حافظ آباد پہنچتے ہیں تو ملاقات کا وقت ہی ختم ہو جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بارش کا پانی جیل میںجانے سے حوالاتی دوسرے اضلاع منتقل
پہلے منڈی بہاؤالدین جیل سے ہفتہ میں ایک بار قیدیوں سے کال پر بات ہو جاتی تھی،اب کال کا سلسلہ بھی بند ہے۔ہم اپنے قید لوگوں کو کپڑے اور دیگر ضرورت کا سامان نہیں پہنچا پا رہے ہیں۔ہم ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین کے قیدیوں کے حافظ آباد جیل میں منقتل ہونے کی وجہ سے سخت پریشان ہیں۔اس کے علاوہ منڈی بہاؤالدین سے معائنہ کرنے کے لیے جانے والے جج صاحبان کو بھی گھنٹوں سفر کرنا پڑتا ہے۔
اس کے علاوہ تقریبا 550 قیدیوں کو روزانہ ملکوال،پھالیہ اور منڈی بہاؤالدین کی عدالتوں میں تاریخوں پر پیش کرنے کے لیے لایا اور لے جایا جاتا ہے۔جس پر حکومت کا روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے ڈیزل و ملازمین کے دیگر اخراجات کی مد میں اضافی خرچہ ہو رہا ہے۔قیدیوں کے لواحقین نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج منڈی بہاؤالدین سے پر زور اپیل کی ہے کہ تمام قیدیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین منتقل کیا جائے۔
