وزیراعلی پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی خصوصی ہدایت پر ضلع منڈی بہاوالدین میں “اب گاؤں چمکیں گے” پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے حکومت پنجاب کے انقلابی پروگرام “اب گاوں چمکیں گے ” کے تحت جاری صفائی ستھرائی اور عارضی تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے تحصیل پھالیہ کے علاقہ پاہڑیانوالی کا دورہ کیا۔
منڈی بہاوالدین (ایم.بی.ڈین نیوز 19ستمبر 2023) اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ افضال احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضی، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمٹ رضوان بشیر آغا سمیت محکمہ ہائی ویز، ریونیو اور پولیس کے افسران موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری طور پر نالوں کی صفائی کے احکامات جاری کئے۔ ڈپٹی کمشنر نے سڑک کے دونوں اطراف قائم عارضی ناجائز تجاوزات کے خاتمے، میڈینز کی صفائی اورکوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کے خاتمے کے احکامات جاری کئے۔
ڈپٹی کمشنر نے پاہڑیانوالی اڈے پر عارضی ناجائز تجاوزات کا باعث بننے والے ہوٹلز، دکانیں، تھڑے ،شیڈز وغیرہ کے مالکان کو فوری طور پر تجاوزات ختم کرتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کرنے کی اپیل کی اور انہیں ہدایت کی کہ ازخود ہی ناجائز تجاوزات کو ختم کرتے ہوئے سڑک کی جگہ کو خالی کر دیں۔
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہروں سمیت دیگر تمام قصبہ جات سے عارضی ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جا رہاہے۔ ضلع بھر میں تجاوزات، سرکاری زمینوں پر غیر قانونی قبضہ کے خلاف بلا تفریق کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ کسی بھی دکاندار یا ریڑھی بان کا کاروبار متاثر نہیں کیا جارہا ۔ضلعی انتظامیہ باہمی مشاورت سے حد مقرر کرے گی جس کے اندر رہ کر وہ اپنا کاروبار کر سکیں گے۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ریڑھی بانوں اور دکانداروں سے مزاکرت کریں گے۔ انجمن تاجران اور دوکاندار اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ ہمارے بازار اور سڑکیں کھلی ہو سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہروں کی طرز پر دیہی آبادی میں سہولیات کی فراہمی ” اب گاو ں چمکیں گے” حکومت پنجاب کا انقلابی پروگرام ہے۔جس کے تحت دیہاتوں میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیلئے تمام تر وسائل بروکار لائے جارہے ہیں۔