phalia road

منڈی بہاؤالدین کی 11 شاہراہوں کی مرمت کا صرف 55 فیصد کام ہو سکا

لاہور سمیت صوبے بھر میں سڑکوں کی مرمت کا کام سست روی کا شکار ہے۔ دو ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود پنجاب بھر کی میونسپل کارپوریشنز سڑکوں کی مرمت اور بحالی کا کام مکمل نہیں کر سکیں۔ گزشتہ حکومت نے شاہراہوں کی مرمت کے لیے 31 دسمبر اور پھر 31 جنوری کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

سرکاری رپورٹ کے مطابق لاہور کی 95 شاہراہوں کی مرمت کا کام 95 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔ جھنگ میں 7 شاہراہوں کی مرمت کا کام صرف 39 فیصد مکمل ہو سکا۔ فیصل آباد میں 80 کروڑ روپے کی لاگت سے صرف 70 فیصد شاہراہوں کی مرمت کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وہاڑی میں 53 کروڑ روپے کی لاگت سے 11 شاہراہوں کی مرمت ہونی ہے لیکن 20 فیصد بھی کام مکمل نہیں ہو سکا۔ سرگودھا کی 7 شاہراہوں کی صرف 40 فیصد مرمت مکمل ہو سکی ہے۔ منڈی بہاؤالدین کی 11 شاہراہوں کی مرمت کا صرف 55 فیصد کام ہو سکا۔

سرکاری رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ راولپنڈی کی 35 سڑکوں پر 1 ارب 95 کروڑ روپے کی لاگت سے صرف 57 فیصد کام مکمل ہو سکا۔ شیخوپورہ میں بھی سڑکوں کی بحالی کا 50 فیصد کام باقی ہے۔

اسی طرح گوجرانوالہ میں 61 کروڑ روپے کی لاگت سے ہائی وے کی مرمت کا 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ جہلم میں 12 شاہراہوں کی صرف 18 فیصد مرمت مکمل ہو سکی۔ ترقیاتی کاموں میں سست روی پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے مقامی حکومتوں سے رپورٹ طلب کر لی۔

اپنا تبصرہ لکھیں