حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع منڈی بہاوالدین کے عوام الناس کو مہنگائی سے ریلیف مہیا کرنے کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد کی زیرصدارت اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مقرر،تمام اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 22ستمبر 2023) نوٹیفیکیشن کے مطابق چاول باسمتی سپر 310 روپے فی کلو گرام، دال چنا (موٹی) 210، باریک 200، دال مسور 280، دال ماش دھلی ہوئی 520، دال ماش چھلکا 455، دال مونگ 220 روپے، سیاہ چنا 210، سفید چنا 325، بیسن 210، روٹی (100 گرام) 15 روپے، سادہ نان (120 گرام) 20 روپے، چھوٹا گوشت 1350، بڑا گوشت 700، دودھ فی لیٹر 140روپے لیٹر، دہی 150روپے کلو جبکہ گوشت برائلر، انڈے،سبزی و پھل وغیرہ کے نرخ مارکیٹ کمیٹی کے جاری کردہ ہوں گے۔
آج پھل، سبزی و چکن کی تازہ ترین ریٹلسٹ دیکھیں
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی قیمتوں کا تعین تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی مشاورت، اوپن وہول سیل مارکیٹ اور دیگر اضلاع میں رائج قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ ناجائز منافع خوری کی روک تھام یقینی بنا کر صارفین کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کی مقرر کردہ قیمتوں پر نفاذ اور ان پر عملدرآمد سو فیصد یقینی بنایا جائے گا، انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو موثر بنانے کیلئے اپنا تعاون اور کلیدی کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی، تاجر تنظیمیں اور تاجر رہنماء کمیٹی کے فیصلوں کو نچلی سطح پر منتقل کریں اور اس با ت کو یقینی بنایا جائے کہ ریٹ لسٹیں اور ریٹ بورڈ نمایاں جگہوں پر آویزاں کی جائیں، جو دکاندار اس پر عملدرآمد نہ کرے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، ڈی او انڈسٹریزرانا محمد سعید، تاجرتنظیموں کے عہدیداران اور متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔