ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ڈی پی او رضا صفدر کاظمی کی زیر صدارت یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر سکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کااجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔
منڈی بہاوالدین(30مارچ 2024 ایم.بی.ڈین نیوز ) اجلاس میں ضلعی افسران، ممتاز علمائے کرام اور دیگر کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ڈی پی او رضا صفدر کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع منڈی بہاوالدین امن و امان کے لحاظ سے ایک مثالی ضلع ہے۔ اس میں تمام مذاہب اور مسالک کے درمیان اتفاق رائے اور بھائی چارہ پایا جاتا ہے۔
یوم علی کے موقع پر بھی تمام علمائے کرام عوام الناس میں ہم آہنگی، محبت و اخوت اور برداشت کو فروغ دے کر امن و سلامتی کی فضا برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ امن و امان کی فضا بر قرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء، مشائخ اور ذاکرین ضلعی انتطامیہ سے تعاون کریں۔ یوم علی کے حوالے سے منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کے انعقاد میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں علمائے کرام اور دیگر ممبران نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیااور امن و امان کی فضا بر قرار رکھنے میں ضلعی انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی۔ اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائے خیر بھی کرائی گئی۔