district and session court mandi bahauddin

جسٹس لاہور ہائیکورٹ اسجد جاوید گھرال نے ڈسٹرکٹ کورٹس منڈی بہاوالدین میں مسجد کا افتتاح کر دیا

جسٹس لاہور ہائیکورٹ اسجد جاوید گھرال نے ڈسٹرکٹ کورٹس منڈی بہاوالدین کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے ڈسٹرکٹ کورٹس میں ایک کروڑ 46 لاکھ روپے سے نئی تعمیر ہونے والی مسجد کا افتتاح کیا۔ فاضل جسٹس نے ڈسٹرکٹ بار کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا اور شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ ڈسٹرکٹ کورٹس آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے فاضل جسٹس کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز یکم مارچ 2024 ) اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن سردار اقبال ڈوگر، ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ ، ڈسٹرکٹ بار کے صدر ممریز نذرراں، جنرل سیکرٹری نوشیر واں مارتھ ، جج صاحبان اور وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی۔

جسٹس اسجد جاوید گھرال نے بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ وکالت ایک معزز پیشہ ہے جس نے ہمیشہ ملک کی جڑوں اور جمہوریت کو مضبوط کیا ہے۔ وقت کی پابندی، محنت اور دیانت کی خوبیوں کے حامل وکلاء جلد اپنا مقام بنا لیتے ہیں۔ کبھی زندگی میں شارٹ کٹ نہیں ڈھونڈنا چاہیئے۔ نئے وکلاء کو اپنے سینئرز وکلاء کا احترام کرنا چاہیئے۔ نوجوان وکلاء کو چاہیئے کہ وہ اپنے سینئر وکلاء کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ان کو سمجھیں۔

انہوں نے جج صاحبان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وکلاء کی عزت ان کا بنیادی حق ہے لیکن وکلاء کو بھی چاہیئے کہ وہ ججز اور کورٹ روم کا احترام کریں اور ہمیشہ ججز کے فیصلوں کو من و عن قبول کریں۔ صدر بار نے جسٹس اسجد جاوید گھرال کو بار کے مسائل کے متعلق چند گزارشات بھی پیش کیں، جس کو فاضل جسٹس نے چیف جسٹس سے جلد منظور کروانے کی یقین دہانی کروائی۔

بعد ازاں فاضل جسٹس نے ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاوالدین کا بھی دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے جیل کے مختلف سیلز ،ہسپتال ،ڈسپنسری اور کچن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے جیل میں صفائی ستھرائی اور کھانے کے معیار کو بھی چیک کیا جو کہ معیار کے عین مطابق پایا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں