ملک بھر کی طرح ضلع منڈی بہاءالدین میں بھی 15 ستمبر سے شروع ہونے والی ہیومن پیپلوما وائرس کی ویکسینیشن مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ویکسینیشن مہم کا جائزہ لینے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔
منڈی بہاءالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 20 ستمبر 2025 ) اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کرن ارشد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار، نمائندہ ڈبلیو ایچ او اور دیگر ہیلتھ افسران سمیت میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران 9 سے 14 سال تک کی عمر کی ایک لاکھ 27 ہزار 307 بچیوں کو فری ویکسین لگائی جائے گی جبکہ 80 فیصد ٹارگٹ پرائیویٹ اور سرکاری سکولز میں پورا کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 15 ستمبر سے جاری اس مہم کے دوران ابتک 15،107 بچیوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے اور ویکسینیشن مہم کے ٹارگٹ کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ انسانی پیپیلوما وائرس (HPV) کی ویکسین لڑکیوں کو سروائیکل کینسر جیسے مہلک مرض سے بچانے کے لیے ایک مو ثر، سائنسی اور محفوظ اقدام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانی پیپلوما وائرس کی ویکسینیشن سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اس ویکسین کو لگوانے میں کسی قسم کا کوئی خطرہ نہ ہےبلکہ یہ ویکسین عالمی ادارہ صحت اور وزارتِ صحت سے منظور شدہ ہے۔ انہوں نے ڈی ایچ اوز اور ڈپٹی ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ (HPV) ویکسینیشن مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی کی خود مانیٹرنگ کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنی 9 سال سے 14 سال کی بچیوں کو ویکسین لازمی لگوائیں تا کہ مستقبل میں ہماری بچیاں اس جان لیوا بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔

[…] منڈی بہاءالدین میں ہیومن پیپیلوما وائرس کی ویکسینیشن م… […]