ملک بھر کی طرح ضلع منڈی بہاوالدین میں بھی جشن عید میلاد النبیﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ کی زیر صدارت مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال منڈی بہاءالدین میں منعقد کی گئی۔
منڈی بہاءالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 06 ستمبر 2025 ) اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن ضیاء اللہ عباسی، سی او ضلع کونسل محمد فیاض، ڈی او ایجوکیشن اکرام اللہ تارڑ سمیت دیگر ضلعی افسران، اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں جشن عید میلاد النبی کی خوشی میں شرکاء میں شیرینی بھی تقسیم کی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وقار اکبر چیمہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا جن کے اسوہ حسنہ کی کامل پیروی و اتباع کر کے ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جشن عید میلاد النبی مناتے ہوئے ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہو گا کہ ہم اپنی زندگیوں کو تعلیما ت نبوی کے عین مطابق گزاریں گے تا کہ ہم دنیا و آخرت میں سر خرو ہو سکیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ جشن عید میلادالنبی ﷺ کا اصل پیغام اور مدعا یہ ہوناچاہئیے کہ ہم اسوہ رسول پاک سے رہنمائی لے کر اپنی صفوں میں اتحاد اور ایمانی قوت پیداکریں تاکہ تمام طاغوتی اور اسلام دشمن طاقتوں کو منہ توڑ جواب دیا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہم سب کیلئے سب سے زیادہ مقدس ومحترم ہے کیونکہ اس دن ہمارے پیارے نبی اکرم ﷺ کی ولادت با سعادت ہوئی ۔
اس کی جتنی بھی خوشی منائیں، کم ہے۔ تقریب کے اختتام پر ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا جو ضلع کونسل سے شروع ہو کر ڈی سی آفس کے گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔
