منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 17اپریل 2023) ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے مخیر حضرات کے تعاون سے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سوہاوہ جملانی کے مستحق بچوں میں عیدی تقسیم کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ مستحق افراد کی مدد سے بڑھ کر کوئی عبادت نہیں ہے، ماہ رمضان کے با برکت مہینے میں مخیر حضرات کی جانب سے مستحق بچوں میں عیدی کی تقسیم بہت بڑا اقدام ہے جس کا اجر اللہ پاک دنیا اور آخرت میں عطا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں میں عیدی تقسیم کرنے کا مقصد ان کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔
اس سے ان کی حوصلہ افزائی ہو گی اور وہ بھی دوسرے بچوں کی طرح عید کی خوشیاں منا سکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ہمیں ان کا خیال کرتے رہنا ہے تاکہ یہ پڑھ لکھ کے ملک کی خدمت کر سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مخیر حضرات کی جانب سے مستحق بچوں میں عیدی تقسیم کی کاوش کو خوب سراہا۔