ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کا اجلاس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد یوسف،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالق داد نسوانہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 20 فروری 2024 )شرکائے اجلاس کی متفقہ رائے کے بعد سٹاف ملازمین اور ڈیٹا اینٹری آپریٹرز کی جنوری کی تنخواہوں کی ادائیگی، دسمبر اور جنوری کے انٹرنیٹ بل کی ادائیگی سمیت دیگر طبی سہولتوں کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کے اجلاس کا بنیادی مقصد ڈی ایچ کیو ہسپتال میں عوام الناس کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور دیگر مسائل کو حل کرنا ہے۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کے بجٹ سے فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کے جنریٹر و ایمبولینس کی مرمت ،چھوٹے بچوں کیلئے نرسری سیکشن کے قیام سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کے بجٹ کو پوری ایمانداری اور شفافیت سے خرچ کیا جائے۔