ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب نے گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال منڈی بہاوالدین کا دورہ کیا

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال منڈی بہاوالدین کا اچانک دورہ کیا، اپنے دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، او ٹی پی ای ایم آر ڈیٹا اینٹری اور فارمیسی سمیت صفائی ، ستھرائی اور سکیورٹی کا جائزہ لیا اور لواحقین سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 28نومبر 2022) انہوں نے سٹاف کی حاضری سمیت ڈیوٹی روسٹر کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر ایم ایس چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر اعجاز احمد مغل نے ڈائریکٹر جنرل کو مریض بچوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے بتایا کہ چلڈرن ہسپتال میں مریض بچوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جس پر ڈائریکٹر جنرل نے ایم ایس کے کام کو سراہا، انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کیلئے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کے لئے تمام ضروری ادویات مفت موجود ہیں۔ کسی شکایت کی صورت میں فوری ازالہ ہونا چاہیئے۔ صرف سہولتوں کی موجودگی کافی نہیں بلکہ رویوں کو تبدیل کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز،سکیورٹی گارڈز مریضوں یا ان کے لواحقین کے ساتھ سخت کلامی ہرگز نہ کریں۔آپ لوگ مسیحا ہیں ۔ انسانیت کی خدمت کریں جس کا اجر اللہ تعالیٰ آپ کو دے گا۔

بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ملکوال کا بھی دورہ کیا، دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں سے ان کا حال احوال دریافت کرتے ہوئے طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق دریافت کیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ملکوال ڈاکٹر ثاقب نے ڈی جی ہیلتھ کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ جس پر ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر کی طرح منڈی بہاوالدین کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں عوام الناس کو صحت کی بہترین، بر وقت اور مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف و دیگر عملہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں اور اپنے فرائض کو سو فیصد یقینی بنائیں تا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مہیا کی جانے والی طبی سہولیات سے ہسپتالوں میں آنے والے مریض زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں