ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے سٹی ہسپتال منڈی بہاوالدین میں ایمرجنسی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خالق داد نسوانہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر محمد افتخار، ڈاکٹر شکیل نذر، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر شعیب کیانی، ایم ایس سٹی ہسپتال ڈاکٹر بشریٰ چوہدری، ڈاکٹرصاحبان اور طبی عملہ بھی موجود تھا۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 03 اپریل 2023) اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خالق داد نسوانہ نے بتایا کہ شہر کی عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے پیش نظر سٹی ہسپتال میں ایمرجنسی کو فعال کر دیا گیا ہے، ایمرجنسی جو کہ11 بیڈز پر مشتمل ہے جبکہ 3 بیڈز ٹراما کیلئے ہیں۔ ایمرجنسی 24 گھنٹے فعال ہو گی، جس میں 2,2 ڈاکٹرز اور طبی عملہ 24 گھنٹے مریضوں کو تین شفٹوں میں طبی امداد دینے کیلئے موجود ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: سیکرٹری صحت کا سٹی ہسپتال منڈی بہاءالدین کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ
جس پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں مثالی کام کر رہی ہے، منڈی بہاوالدین شہر کی عوام کی طبی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس ہسپتال کے دائرہ کار کو بڑھا کر ڈاکٹرز اور معاون عملہ کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ایک خطیر رقم سے ہسپتال میں ایمرجنسی کا اضافہ کر دیا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹی ہسپتال کو پنجاب حکومت کی طرف سے اپ گریڈیشن کیلئے کروڑوں روپے کے بجٹ کی فراہمی کا مقصد شہری آبادی کو صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
ہسپتال میں مریضوں کے لئے تمام ضروری ادویات اور طبی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے سٹی ہسپتال میں ڈائیلسز سنٹر کا دورہ کیا، اپنے دورے کے دوران انہوںنے مریضوں سے ان کا حال احوال بھی دریافت کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔
