ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ڈی پی او رضا صفدر کاظمی نے 27نومبرسے شروع ہونے والی پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔انہوں نے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کا مہم کا افتتاح کیا۔اس حوالے سے ضلع کونسل ہال میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد یوسف، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، فوکل پرسن رافعہ ناہید، لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 25 نومبر 2023)ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ڈی پی او رضا صفدر کاظمی کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے، پولیو کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے متعلقہ افسران اور فیلڈ میں مصروف عمل پولیو ٹیمیں احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے فرائض مستعدی اور جانفشانی سے سر انجام دیں اور اپنے اہداف ہر صورت مکمل کریں تا کہ ضلع کا پولیو فری سٹیٹس برقرار رکھا جا سکے۔
انہوں نے گزشتہ پولیو مہم کی خامیوں کو دور کرنے کی ہدایت کی۔سی ای اوہیلتھ ڈاکٹر عابد یوسف نے بتایا کہ27 نومبر سے یکم دسمبر 2023 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم میں 3 لاکھ 16ہزار 261 بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پولیو مہم کے لئے محکمہ صحت کے 2،922 ورکرز پر مشتمل 70 فکسڈ ٹیمیں،45 ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں، گھر گھر جانے والی1225 ٹیمیں، 70 یوسی ایم اوز جبکہ 242 ایریا انچارجز مقرر کئے گئے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی سربراہی میں آگاہی واک بھی منعقد ہوئی، جو ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر ڈپٹی کمشنر آفس کے گیٹ کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔