Agriculture

جعلی کھاد بیچنے والے 2 ڈیلران کے خلاف مقدمہ درج، ملزم گرفتار

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 22نومبر 2022)محکمہ زراعت (توسیع) منڈی بہاﺅالدین کی جعلی کھاد بیچنے والوں کے خلاف کاروائی ،2 ڈیلران کے خلاف مقدمہ درج ، دونوں ملزم گرفتار۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد افضل کا غلہ منڈی میں چھاپہ۔ ملت ٹریڈرز اور وڑائچ ٹریڈرز پر جعلی کھاد برآمد کر کے دونوں ڈیلران کو موقع پر گرفتار کرا دیا گیا اور 24بوری جعلی کھاد قبضے میں لیکر مقدمہ درج کروا دیاگیا ۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد افضل نے چند روز قبل ملت ٹریڈرز غلہ منڈی اوروڑائچ ٹریڈرز غلہ منڈی سے مذکورہ کھاد کے سیمپل لیے اور ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری کو بھجوا دئیے گئے ۔ لیبارٹری رپورٹ میں دونوں کھاد جعلی قرار پائی گئیں۔ جس پر ڈپٹی ڈا ئریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبا ل اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد افضل نے پولیس کے ہمراہ ڈیلران کے گودام پر چھاپہ مارا، مزید سیمپل لئے اور جعلی کھاد کی 24بوریاں برآمد کر کے تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرادیا۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال کا کہنا تھا کہ اس وقت گندم کی بجائی عروج پر ہے۔ لہذا جعلی کھاد بیچنے والوں اور کسانوں کا استحصال کر نے والوںکے خلاف بھر پور کاروائیاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھادوں فروخت کرنے والوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور کسانوں کو کھادوں کو مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی کے حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فرٹیلائزر ڈیلر ایسوسی ایشن سے مذکورہ دونوں ڈیلران کی ممبر شپ کینسل بھی کرائی جائے گی ۔ انہوں نے کھاد ڈیلران کو خبردار کیا کہ جعلی کھاد بنانے اور فروخت کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے اور اس گھناﺅنے کاروبار میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسان حضرات جعلی اور غیر معیاری کھاد بیچنے والوں پر کڑی نظر رکھیں ۔جعلی کھاد بےچنے والے اور کسانوں کا استحصال کرنے والے عناصر کسی رعاےت کی مستحق نہیں ان کا ہر جگہ محاسبہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر کسان تنظیموںنے محکمہ زراعت (توسیع) کی اس کاروائی کو بھر پور سراہا اور مطالبہ کیا کہ جعلی کھاد بیچنے ملزموں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں