صدر آصف علی زرداری نے بینک فراڈ کے 31 متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 6 بینکوں کو 31 متاثرین کو 24.136 ملین واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ایوان صدر اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے بینکنگ محتسب کے فیصلوں کے خلاف دائر 31 درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ آصف زرداری نے فراڈ متاثرین کے حق میں بینکنگ محتسب کے فیصلوں کو برقرار رکھا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے بینک فراڈ کے 31 متاثرین کے حق میں بینکنگ محتسب کے فیصلوں کو برقرار رکھتے ہوئے تمام متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی بینک کی 12 درخواستیں مسترد کرتے ہوئے 12 صارفین کو 11.5 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ایک اور بینک کو 10 متاثرہ صارفین کو 5.2 ملین روپے سے زائد رقم واپس کرنے کا حکم دیا گیا۔ ایک نجی بینک کی طرف سے دائر پانچ درخواستیں بھی مسترد کر دی گئیں، جن میں متاثرہ صارفین سے 40 لاکھ روپے سے زائد رقم واپس کرنے کو کہا گیا۔
