پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ مکمل کر لیا ہے جس کے نتائج بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ لودھراں کے ڈپٹی کمشنر نے 94 سے زائد سکور کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق دوسرے نمبر پر چنیوٹ، تیسرے نمبر پر بہاولنگر، چوتھے نمبر پر حافظ آباد، پانچویں نمبر پر راجن پور اور چھٹے نمبر پر نارووال کے ڈپٹی کمشنرز نے شاندار کارکردگی کی بدولت نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔ اس کے بعد ساتویں نمبر پر خانیوال، آٹھویں نمبر پر گوجرانوالہ، نویں نمبر پر لیہ، دسویں نمبر پر اوکاڑہ اور گیارہویں نمبر پر قصور ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شیخوپورہ 12ویں، وہاڑی 13ویں، گجرات 14ویں، مظفر گڑھ 15ویں اور رحیم یار خان 16ویں نمبر پر رہا۔ سرگودھا 17ویں، منڈی بہاؤالدین 18ویں، چکوال 19ویں اور جہلم 20ویں نمبر پر رہا۔ بہاولنگر، اٹک اور کوٹ ادو بالترتیب 21ویں، 22ویں اور 23ویں نمبر پر رہے۔
لاہور کے ڈپٹی کمشنر موسیٰ رضا 78 کے اسکور کے ساتھ 24 ویں نمبر پر رہے جنہیں محکمہ نے ان کی کارکردگی کو معمولی قرار دیا۔ دیگر اضلاع میں ڈیرہ غازی خان، ٹوبہ ٹیک سنگھ، راولپنڈی، سیالکوٹ، خوشاب، مری، ملتان، ساہیوال، جھنگ، وزیر آباد، میانوالی، پاکپتن، تلہ گنگ، فیصل آباد اور تونسہ 25 سے 39 ویں نمبر پر رہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب بورڈ آف ریونیو نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے حکم پر اہم کارکردگی کے اشاریے (کے پی آئیز) مقرر کیے جب کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کا ڈیٹا مرتب کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ جائزہ صوبے میں انتظامی شفافیت اور بہتر کارکردگی کے فروغ کے لیے لیا گیا ہے اور مستقبل کے فیصلوں میں اہم کردار ادا کرے گا۔
