کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 44 واں اجلاس صوبائی وزیر صحت و چیئرمین خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ پنجاب میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی جی پرائس کنٹرول نے محکمہ کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ اس موقع پر فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، لودھراں اور دیگر اضلاع میں 97 سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب پولیس، ڈی سی لاہور، ڈی سی راولپنڈی اور ڈی سی فیصل آباد کو کرکٹ میچز کے دوران اخراجات کے لیے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے دوران صوبے بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کومبنگ آپریشنز اور ہوٹل آئی سافٹ ویئر کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق امن کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے دن رات مصروف ہیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ صوبے بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں ہوم سیکرٹری ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ ایڈیشنل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب بھر سے کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور بریفنگ دی۔
