لاہور: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ایکشن، منڈی بہاؤالدین میں 680 کنال سرکاری اراضی واگزار کرادی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے منڈی بہاؤالدین میں 240 ملین روپے سے زائد مالیت کی 680 کنال سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے کا نوٹس لینے کے بعد ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے یہ اراضی واگزار کرائی۔
ضلع منڈی بہاؤالدین کی تحصیل پھالیہ کے گاؤں سیدہ شریف میں واقع اس سرکاری اراضی پر علاقے کے 28 بااثر افراد نے ناجائز قبضہ کر رکھا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ نے مذکورہ سرکاری اراضی پر ناجائز قبضے کے حوالے سے احکامات بھی جاری کیے تھے۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے احکامات ملنے کے بعد ڈی جی اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ریجن نے انکوائری شروع کی جس میں نمبردار نے رپورٹ پیش کی کہ 680 کنال 9 مرلہ سرکاری اراضی (چراگاہ دیہہ) پر 28 افراد جن میں فیض احمد، محمد عنایت، محمد نواز، سکندر حیات، محمد عنایت ولد محمد، افتخار احمد، محمد نواز، خضر حیات، عنصر محمود ، محمد منور، شیر عالم، محمد اعظم، اورنگزیب، محمد خان، محمد حسین، محمد روشن، محمد قادر، صفدر اقبال، اورنگزیب ولد غلام قادر, مدثر عمران، مشتاق احمد، امجد اقبال، مہر محمد، محمد طارق اور محمد خان ولد شیر شامل ہیں نے گزشتہ 10 سالوں سے ناجائز قبضہ کررکھا تھا
اس حوالے سے ’’جنگ‘‘ کے رابطہ کرنے پر ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ ناجائز قابضین 10 سال تک مختلف حیلوں اور حیلوں بہانوں سے ان کے خلاف کارروائی سے روکتے رہے لیکن بالآخر لاہور ہائی کورٹ میں مقدمہ ہار گئے۔
ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ڈویژن امجد شہزاد نے بتایا کہ جوائنٹ انفورسمنٹ ٹیموں نے 240 ملین روپے سے زائد مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرائی ہے۔ مذکورہ غیر قانونی قابضین کے خلاف انکوائری جاری ہے۔ انہوں نے دس سال تک سرکاری زمین استعمال کی۔ ان سے 40 ملین روپے سے زائد کی وصولی کے لیے جلد کارروائی شروع کی جائے گی۔
