ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد کی زیر صدارت محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام بچوں کے بروقت اندراج کی خصوصی مہم کے حوالے سے ضلع کونسل ہال میں سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے خصوصی مہم کا با قاعدہ افتتاح کیا۔ سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، ڈپٹی ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ رضوان بشیر آغا، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ پھالیہ و ملکوال سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 15دسمبر 2023 ) اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد کا کہنا تھا کہ بچوں کا بر وقت اندراج پیدائش ملکی معیشت کیلئے بہت ضروری ہے۔ بچوں کے بروقت پیدائش اندراج نہ ہو نے سے ملکی معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔ والدین میں بچوں کے بروقت اندراج کی آگاہی کے لئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر مہم شروع کی گئی ہے تاکہ ملکی آبادی کا صحیح تعین ہوسکے، جس سے ملکی ترقی کےلئے بہتر منصوبہ بندی کرنے میں مدد ملے گی جو ملکی ترقی کا باعث بھی بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیدائش کابروقت اندراج قانونی ذمہ داری اور فائدہ مند بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیدائش کے اندراج کا مقصد بچوں کی ولدیت کا ثبوت بچوں کو قانونی تحفظ اور معاشی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اندراج سے حصول شناختی کارڈ اور وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجراء میں معاون ثابت ہوگا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رضوان بشیر آغا نے بتایا کہ 15 دسمبر سے 25 دسمبر تک یہ خصوصی مہم جاری رہے گی جس میں سات سال تک کے بچوں کے پیدائش اندراج مفت کئے جائیں گے۔
