9 اپریل کو منڈی بہاوالدین میں 2، پھالیہ اور ملکوال میں ایک ایک سستا رمضان بازار لگایا جائے گا

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 03 اپریل 2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ضلع میں لگائے جانے والے 4 رمضان بازاروں میں معیاری اور سستی اشیائے خوردونوش وافر دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ تحصیلوں میں لگائے جانے والے رمضان بازاروں سے متعلق اپنے اپنے پلان پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں رمضان بازاروں کی تیاریوں اوران کو فنگشنل بنانے کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرپھالیہ ساجد منیر کلیار،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ،سی او ایم سی پھالیہ عرفان گوندل،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی، ڈی او انڈسٹریز محمد سعید سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے شرکاءاجلاس پر واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہوگی اور ہر محکمہ کو دی جانی والی ذمہ داریوں کی بہترین ادائیگی کیلئے پوری طرح متحرک اور جاندار کردار ادا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی منڈی بہاﺅالدین میں دو، تحصیل پھالیہ اور ملکوال میں ایک ایک رمضان بازار لگائے جائیں گے۔ جہاں پر معیاری، سستی اشیاءخوردونوش کے ساتھ حکومت پنجاب کی جانب سے خصوصی سبسڈائزڈ پر آٹا ،چینی سمیت ہول سیل نرخوں پر فئیر پرائس شاپس پر سبزیاں، پھل ،چنے کی دال ،کھجوریں اور دیگر اشیاءبا آسانی دستیاب ہوں گی۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی او انڈسٹریز کو ہدایت کی کہ وہ ہول سیل ڈیلروں اور مالکان کے ساتھ اجلاس منعقد کریں اور رمضان بازاروں کے قیام کے حوالے سے اپنی ترجیحات سے آگاہ کریں۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میںرمضان بازار 9اپریل (25شعبان) تک ہر صورت فنکشنل کر دئیے جائیں اور بازاروں کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونے چاہئیں۔ انہوں نے تمام تر انتظامات کو جامع بنانے کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں سکیورٹی، جنریٹر، صفائی ستھرائی، میڈیکل کیمپ، شکایات سیل،بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ توقیر الیاس چیمہ نے افسران کو باور کرایا کہ بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہر گز بر داشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں