منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 11 مارچ 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ موثر تیاریاں کر کے پولیو کے خلاف مہم کو کامیاب بنایا جائے، قوم کے نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانا عبادت سے کم نہیں ، انسداد پولیو مہم کے مائیکروپلانز کو ڈی سی آفس سے بھی شیئر کیا جائے ، انہوں نے کہاکہ انسداد پولیو مہم میں عوامی آگاہی کیلئے علمائے کرام اور میڈیا کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ان کی خدمات سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔
ان خیالات کااظہا رانہوں نے ڈی سی آفس میںانسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی، ایم ایس منڈی بہاﺅالدین ڈاکٹر عمر مرتضیٰ پراچہ، ایم ایس پھالیہ ڈاکٹر بشریٰ چوہدری، ایم ایس ملکوال ڈاکٹر ناصر وقار، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید، نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صدف، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
سی او ہیلتھ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ29مارچ سے لیکر02اپریل 2021 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 2لاکھ 70ہزار 815بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔اس مہم میں محکمہ صحت کی70فکسڈ،721موبائل ٹیمیں،43ٹرانزٹ،70یو سی ایم اوز،162ایریا انچارجز جبکہ 1830پولیو ورکرز حصہ لیں گے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہی ہمارا اصل ہدف ہونا چاہیئے محض بچوں کی مقرر کردہ تعداد کی ویکسی نیشن کر کے کام کومکمل نہیں سمجھنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ پولیو مہموں کے دوران پیش آنے والے مسائل کا از سر نو جائزہ لے کو مسائل حل کر کے مہم کو اہداف کے مطابق کامیاب بنایا جائے ۔ انہوںنے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق ضلع میں پولیو کے خلاف قومی مہم کو جذبہ حب الوطنی کے تحت مکمل کیا جائے گا اور انسداد پولیو ٹیموں کی جانب سے کسی بھی قسم کی سستی یا کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔