پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ دودھ فراہم کرنے والوں کے خلاف صوبے بھر میں کارروائیاں تیز کر دیں۔ گزشتہ روز راولپنڈی میں کارروائی کے دوران دودھ کے ایک ٹرک اور دودھ کی دو دکانوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔
آپریشن کے دوران 1600 لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ تلف کیا گیا جبکہ سپلائی کرنے والوں اور دکانداروں پر مجموعی طور پر 130,000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملاوٹ شدہ دودھ منڈی بہاؤالدین سے راولپنڈی کو سپلائی کیا جا رہا تھا۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق چیکنگ کے دوران ویجٹیبل گھی دودھ میں ملاوٹ پایا گیا جس پر مقدمات درج کر لیے گئے۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی شکایت یا اطلاع کی صورت میں فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری رابطہ کریں۔