سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد کی زیرسرپرستی 12ویں نیشنل ریسکیو چیلنج انٹرا ڈویژنل کے سالانہ مقابلہ جات ضلع منڈی بہاوالدین میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عمران خان کی میزبانی میں منعقد ہوئے۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 15ستمبر 2023 ) ریسکیو مقابلہ جات میں ڈویژن گوجرنوالہ کی چھ ٹیموں نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاوالدین، حافظ آباداورسیالکوٹ کی ٹیموں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ تھے جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں معروف سماجی شخصیت عنایت الرحمن گوندل اور میاں آصف نے خصوصی شرکت کی۔
تمام ٹیموں نے ریسکیو تکنیکی حادثات کی صورت میں طبی امداد دینا، بلندی میں پھنسے لوگوں کو بچانا، گہرے کنوئیں میں گرے افراد کو ریسکیو کرنا، ڈوبنے والے شخص کی لاش کی تلاش کر نا، تیراکی اور ریسکیو فائر فائٹر (FR,LFR) کے مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ ٹیموں کی نمائندگی اور حوصلہ افزائی کے لیے ڈویژن بھر کے ضلعی ایمرجنسی آفیسر ز بھی مقابلہ جات کے دوران موجود رہے۔
مقابلہ جات میں اول پوزیشن گوجرانوالہ ، دوم منڈی بہاوالدین اور سیالکوٹ جبکہ سوم پوزیشن گجرات نے حاصل کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ریسکیو کو بہترین انتظامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اور مقابلہ جات میں ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مقابلہ جات سے ریسکیو کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ ریسکیو 1122 ہمارا فخر اور دوسروں کیلئے رول ماڈل ہیں،کسی بھی حادثے کی صورت میں متاثرین کی ہر قسم کی مدد ریسکیو 1122 کی اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مقابلہ جات کیلئے کئے گئے انتظامات پر اپنے گہرے اطمینان کا بھی اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ نے تمام ٹیموں کو بہترین کارکردگی دکھانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹرافیاں اورشیلڈز تقسیم کیں۔