omicron virus symptoms

اومیکرون ویریئنٹ کی اہم ترین علامات سامنے آگئیں

لندن: برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل‘‘ نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا وائرس کے ’اومیکرون ویریئنٹ‘ کی اہم ترین علامات اس کے پچھلے ویریئنٹس سے مختلف ہیں۔

اخبار نے برطانیہ میں جاری ’زیڈ او ای سمپٹم ٹرینکنگ اسٹڈی‘ کے مرکزی سائنسدان اور وبائی ماہر، پروفیسر ڈاکٹر ٹم اسپیکٹر کے حوالے سے لکھا ہے کہ اومیکرون ویریئنٹ سے متاثر ہونے کی پانچ اہم ترین علامات میں ناک کا مسلسل بہنا، سر میں درد، مستقل تھکن، چھینکیں آتے رہنا اور گلے کی خراشیں پڑنا شامل ہیں۔

Omicron Virus

ڈیلٹا ویریئنٹ سمیت، پچھلے تمام ویریئنٹس کی پانچ اہم ترین علامات میں مستقل تھکن، سر میں درد، سونگھنے اور کھانے کی حسیات ختم ہوجانا، گلے کی خراشیں اور کھانسی شامل تھیں۔ البتہ، ڈاکٹر ٹم اسپیکٹر کا کہنا ہے کہ اومیکرون سے بچنے اور اسے پھیلنے سے روکنے کی احتیاطی تدابیر وہی ہیں جو پچھلے تمام ویریئنٹس کےلیے بتائی جاچکی ہیں جن میں سماجی فاصلہ اور ماسک کا باقاعدہ استعمال بطورِ خاص اہم ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 8 نومبر کے روز پہلی بار جنوبی افریقہ میں منظرِ عام پر آنے والا ’اومیکرون ویریئنٹ‘ اب تک 90 سے زیادہ ممالک میں پھیل چکا ہے جبکہ اس سے مصدقہ طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 5000 کے قریب پہنچ چکی ہے۔ اومیکرون ویریئنٹ سے شدید ترین متاثر ممالک میں برطانیہ سرِ فہرست ہے جہاں اس کے مریضوں کی تعداد 3000 کا ہندسہ عبور کرچکی ہے جس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

علاوہ ازیں، اومیکرون ویریئنٹ سے اموات کی مصدقہ اطلاعات بھی اب تک برطانیہ ہی سے آئی ہیں جن کی تعداد 8 بتائی جارہی ہے۔ دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ ہے جہاں اومیکرون ویریئنٹ نے ایک ہزار سے زیادہ افراد کو متاثر کیا ہے۔ اگرچہ اب تک جنوبی افریقہ سے اومیکرون کے باعث مرنے والی کی کوئی مصدقہ خبر تو نہیں ملی لیکن وہاں بھی کورونا سے اموات کی شرح میں تشویشناک اضافہ ہوگیا ہے جس کا ذمہ دار اسی ’اومیکرون ویریئنٹ‘ ہی کو سمجھا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں