منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 08 مارچ 2021)ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی اور پر امن معاشرے کی تشکیل کیلئے خواتین کے حقوق کا تحفظ لازم ہے، ہمیں معاشرے میں خواتین کی عزت اور ان کے حقوق کے بارے میں مثبت سوچ اپنانا ہو گی ، انہوںنے کہا کہ کورونا وبا کے دوران خواتین نے جو ڈیوٹیاں سر انجام دی ہیں اس کی کہیں بھی مثال نہیں ملتی ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ فار وویمن کالج میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق، ڈی او پاپولیشن ابوالحسن مدنی، ڈی ڈی پاپولیشن عتیق الرحمٰن، پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج فار وویمن، لیکچرار، طالبات اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی موجود تھیں۔ سیمینارکا انعقاد سوشل ویلفیئر ڈپپارٹمنٹ،پاپولیشن ویلفیئراور ڈی ڈی کالجز کے زیر اہتمام کیا گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر نے پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیرہتمام لگائے سٹالز بھی چیک کئے۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ترقی کے سفر میں خواتین کی ضرورت اور اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے مثالی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران، لیڈی ڈاکٹرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور خواتین سٹاف نے جو خدمات اور قربانیاں دی ہیں ان کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو با اختیار بنانے اور ان کے تحفظ کے حقوق کیلئے اپنا فرض ادا کرہی ہے اب خواتین کو بھی اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔
طارق علی بسرا نے کہا کہ اپنے گھر میں تحفظ کا احساس ملنے پر خواتین سسرال اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے دوران بھی تحفظ محسوس کرتی ہیں۔ اس لئے تحفظ کا آغاز پہلے گھر سے ہونا چاہئے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق خواتین کی برابری کی سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے ۔انہوں نے خواتین پر زور دےا کہ وہ تعلیم کے میدان میں اپنی کامیابیوں کو جاری رکھیں اور اپنی صلاحیتوں سے معاشرے کو فائدہ پہنچانے کےلئے عملی کردار اد اکریں۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ، ڈی او پاپولیشن ،پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج فار وویمن اور دیگر مقررین نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔سیمینار کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے کورونا وبا کے دوران پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ میں بہترین ڈیوٹیاں سر انجام دینے پر اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔